وزیر خارجہ

افغانستان میں ہرتشدد واقعات میں کمی لانے اور حالیہ جنگ بندی کیلئے تمام فریقین کو سنجیدہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے ،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (عکس آن لائن)افغانستان میں مسعود فائونڈیشن کے چیئرمین احمد ولی مسعود نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جمعہ کو وزیر خارجہ نے احمد ولی مسعود اور ان کے وفد کو وزارتِ خارجہ آمد پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، افغانستان میں امن کا سب سے زیادہ خواہش مند ہے۔

اسلیے پاکستان، افغان امن میں خلوص نیت کیساتھ مصالحانہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان کی مصالحانہ کاوشیں کے نتیجے میں امریکہ اور طالبان کے مابین مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوئے اور امن معاہدہ طے پایا ۔وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں امن پورے خطے کیلئے ناگزیر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بین الافغان مذاکرات کا انعقاد ،افغانستان کے مسئلے کے جامع اور مستقل سیاسی حل کیلئے انتہائی اہم موقع ہے ،افغانستان میں پر تشدد واقعات میں اضافہ تشویش ناک ہے ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں ہرتشدد واقعات میں کمی لانے اور حالیہ جنگ بندی کیلئے تمام فریقین کو سنجیدہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بعض بیرونی قوتیں افغان امن عمل کو ناکام بنانے کیلئے متحرک ہیں ان عناصر پر گہری نظر رکھنے کی ضرورت ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کیلئے تمام فریقین کو مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ افغان امن عمل نے دہائیوں سے وطن واپسی کے منتظر افعان مہاجرین کے اندر امید کی کرن پیدا کی ہے ،پاکستان، افغان مہاجرین کی باوقار وطن واپسی کا خواہاں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان، افغانستان کے امن و استحکام اور تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔

وزیر خارجہ نے اراکین وفد کو پاکستان اور افغانستان کے مابین عوامی سطح پر روابط کے فروغ کیلئے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے تعلیم کے شعبے میں افغان طلباء کی معاونت کیلئے چھ ھزار وظائف کا اجراء کیا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نے افغانستان کی تعمیر و ترقی سے متعلق مختلف منصوبہ جات کیلئے ایک ارب امریکی ڈالر کی خطیر رقم مختص کی ،یہ اقدامات پاکستان کیطرف سے افغانستان کے ساتھ گہرے دو طرفہ تعلقات کا مظہر ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے ناگزیر ہے۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں