سالانہ امتحانات

اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک پارٹ ون/ کلاس نہم کے سالانہ امتحانات شروع

فیصل آباد (عکس آن لائن)اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے زیر اہتمام میٹرک پارٹ ون/ کلاس نہم کے سالانہ امتحانات آج 11مارچ بروزبدھ سے شروع ہو ں گے جس میں شرکت کرنے والے فیصل آباد ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ کے ایک لاکھ 85ہزار 382طلباء و طالبات کیلئے کل 535امتحانی مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں اور تمام امتحانی سنٹرز پر دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے جس کے تحت طلباء و طالبات کے موبائل فون یا دیگر امدادی مواد امتحانی مراکز میں لے جانے پر پابندی ہو گی

اسی طرح امتحانی عملہ بھی پیپرز کے اوقات کے دوران موبائل فون استعمال نہیں کر سکے گا نیزبوٹی مافیا کی بیخ کنی کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو وقفے وقفے سے امتحانی مراکز کے دورے کریں گی تاکہ بوٹی مافیا کو امتحانی عمل میں مداخلت کا موقع نہ مل سکے۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کی کنٹرولر امتحانات پروفیسر مسز شہناز علوی نے منگل کے روز اے پی پی سے بات چیت کے دوران بتایاکہ آج شروع ہونے والے امتحانات میں سائنس گروپ کے ریگولر 74718طلباء اور سائنس گروپ کے پرائیویٹ 8081طلباء سمیت کل 82779اور آرٹس گروپ کے ریگولر 11525 طلباء ، پرائیویٹ آرٹس گروپ کے 4610سمیت کل 16135طلباء امتحان میں حصہ لیں گے۔

انہوں نے بتایاکہ سائنس گروپ کی ریگولر 54599طالبات ، سائنس گروپ کی پرائیویٹ 5108طالبات سمیت کل 59707طالبات اسی طرح آرٹس گروپ کی ریگولر 22069 اور آرٹس پرائیویٹ گروپ کی 4692 طالبات سمیت کل 26761طالبات بھی امتحانی عمل میں شریک ہوں گی۔انہوں نے بتایاکہ اس طرح کل 162911ریگولر اور 22471پرائیویٹ طلباء و طالبات سمیت کل 1لاکھ 85ہزار 382طلباء و طالبات امتحان میں اپیئر ہوں گے۔انہوں نے بتایاکہ ان طلباء و طالبات کیلئے ضلع فیصل آباد میں کل 328،ضلع چنیوٹ میں 36،ضلع جھنگ میں 85اور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 86سنٹرز سمیت کل 535امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ ان امتحانی مراکز میں طالبات کے کل 100لوکل ، 122مفصل اسی طرح طلباء کے کل 92لوکل اور 149مفصل امتحانی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے نیز فیصل آباد میں طلباء و طالبات کے مشترکہ 23،ضلع چنیوٹ میں مشترکہ 10،ضلع جھنگ میں مشترکہ 25اور ضلع چنیوٹ میں مشترکہ 19سنٹرز سمیت کل 72مشترکہ امتحانی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

کنٹرولر امتحانات نے بتایاکہ امتحانات کے شفاف انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور تمام طلباء و طالبات کو رولنمبر سلپیں بھی جاری کر دی گئی ہیں تاہم اگر کسی طالب علم کو رولنمبر سلپ نہ ملی ہو تو وہ بورڈ کی ویب سائٹ سے رولنمبر سلپ ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے۔انہوں نے بتایاکہ امتحانی مراکز پر نافذ کردہ دفعہ 144کے تحت کسی غیر متعلقہ شخص کو امتحانی مراکز کی 100گز کی حدود میں داخلے یا طلباء و طالبات کے امتحانی مراکز میں موبائل فونز ، ڈیجیٹل ڈائریز ، نوٹس ، درسی کتب یا کسی قسم کا امتحان میں نقل کیلئے مدد دینے والا مواد لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی نہ ہی امتحانی عملہ پرچے کے دوران موبائل فون استعمال کر سکے گا۔انہوں نے بتایاکہ انتظامی افسران سمیت ریذیڈنٹ انسپکٹرز اور ایجوکیشن آفیسرز بھی امتحانی مراکز کے دورے کر کے بوٹی مافیا کی مداخلت روکنے کیلئے اقدامات یقینی بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں