اعجاز الحق

اعجاز الحق کی عمران خان سے ملاقات، ضمنی الیکشن پر بات چیت

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) پاکستان مسلم لیگ(ض)کے سربراہ محمد اعجاز الحق کی سابق وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماوں نے ملک کی سیاسی صورتحال اور ضمنی الیکشن کے حوالے سے بات چیت کی۔ ملاقات میں اعجاز الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے یہ ضمنی انتخابات بھی 17 جولائی کی طرح صاف وشفاف ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کا بیان انتہائی تشویشناک اور موجودہ حکومت کی نااہلی، خارجہ پالیسی کی کمزوری ہے۔ سربراہ مسلم لیگ(ض) کا کہنا ہے کہ تمام اداروں کا کردار بہت اہم ہے، جلد بازی کی بجائے بہترین حکمت عملی کیساتھ متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔ اعجاز الحق نے مزید کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ حکومت صاف وشفاف الیکشن سے فرار چاہتی ہے، حکومت سیلابی صورتحال سے بھی صحیح نمٹنے میں ناکام رہی، فوری الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہیں۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام ملک میں مہنگائی وبے روزگاری سے پریشان ہیں، لوگ موجودہ حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ہم نے جہاں ایک ایک ماہ میں دو، دو جلسے بھی کیے تو لوگ پہلے سے زیادہ آئے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ جوبائیڈن کا بیان امپورٹڈ حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہمارے پاس سب سے محفوظ جوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں