ڈپٹی کمشنر

اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والا مافیا کسی رعائت کا مستحق نہیں،ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر

منڈی بہاووالدین( نمائندہ عکس آن لائن )ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والا مافیا کسی رعائت کا مستحق نہیں ہے، ان کے خلاف کریک ڈاﺅن مزید سخت اور تیز کیا جائے،ضلعی انتظامیہ عوام الناس کو سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر عملدرآمد کو سو فصد یقینی بنائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ضلعی انسداد ملاوٹ ٹاسک فورس کمیٹی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق،اسسٹنٹ کمشنرمنڈی بہاﺅالدین ملک عباس ذوالقرنین اعوان،اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیرکلیار،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال،ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی قاسم رضا، فوکل پرسن ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر،سی او میونسپل کمیٹی ملکوال بشیر تارڑ، سی او میونسپل کمیٹی عرفان احمد گوندل،میونسپل آفیسر مزمل محمود کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی قاسم رضانے اجلاس کو ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے173مشترکہ انسپکشنزکے دوران کارروائیاں کرتے ہوئے 8 فوڈ پروسیسنگ فیکٹریوں کو سیل کر دیا جبکہ 19فوڈ آﺅٹ لیٹس کو فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 7لاکھ 59ہزار 500روپیہ جرمانہ کیا گیا اور 3ایف آئی آرز درج کرواکر 2افراد کو گرفتار کروادیا گیا۔ اسی طرح ان کارروائیوں کے دوران 17ہزار270لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ ، 95کلو گوشت، 50لیٹر کولڈ ڈرنکس اور 5کلو گرام مصالحہ جات کو قبضے میں لے کر تلف کیا گیا۔جس پر ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انتظامیہ ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی کو واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملاوٹ سے پاک تمام اشیائے خوردونوش بالخصوص پینے کے پانی کی بوتلوں، دودھ، گوشت، دالوں ، گھی، آئل اور مصالحہ جات کی عوام الناس کو فراہمی کوسو فیصد یقینی بنایا جائے اور مارکیٹوں، منڈیوں، ہول سیل ڈیلروں اور دکانوں پر ملاوٹ سے پاک اشیائے خوردونوش کی قیمتوں ، معیار ، کوالٹی کی مانیٹرنگ اور چیکنگ کے عمل کو تسلسل سے جاری رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملاوٹ میں ملوث معاشرے کے ناسوروں کو کسی صورت معاف نہ کیا جائے بلکہ ان کے خلاف سخت کریک ڈاﺅن جاری رکھتے ہوئے پابند سلاسل کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائس مجسٹریٹس کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاﺅن تیز کیا جائے اور سٹاکسٹ کو اپنا مال ڈکلیئر کرنے کا پابند بنایا جائے کہ وہ اپنا مال ضلعی انتظامیہ کو ڈکلیئرکرے اور جو اپنا مال ڈکلیئر نہ کرے ان کا مال ضبط کر لیا جائے اور ضبط شدہ اشیاءکو انتظامیہ خود مقرر ہ ریٹ پر فروخت کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں