سینیٹر شیری رحمان

اسپیکر کے پاس ووٹنگ میں تاخیر کا اب کوئی جواز نہیں‘ شیری رحمان

اسلام آباد (نمائندہ عکس)پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ اسپیکر کے پاس ووٹنگ میں تاخیر کا اب کوئی جواز نہیں ہے۔

شیری رحمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ عدم اعتماد پر بحث کا وقت اب ختم ہو چکا ہے، آج اسپیکر کو آئین اور قوائد و ضوابط کے مطابق ہر حال میں ووٹنگ کرانی ہوگی، ورنہ اسپیکر ناصرف آئین بلکہ توہین عدالت کے بھی مرتکب ہونگے۔انہوں نے کہا کہ 3 اپریل آئین کے مطابق ووٹنگ کا آخری دن تھا، اسپیکر کو 3 اپریل کے دن قرارداد پر ووٹنگ کرانی تھی۔نائب صدر پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ اسپیکر کے پاس ووٹنگ میں تاخیر کا اب کوئی جواز نہیں ہے، اسپیکر ایک بار آئین شکنی کر چکے ہیں، اب محتاط رہیں۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان کو غیر آئینی طریقے سے بچانے کی کوشش میں عدالت کی جانب سے اسپیکر آئین شکن قرار دیئے گئے ہیں، باعزت طریقے سے استعفیٰ دینے کا وقت گزر چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اب آئین اور عدالتی فیصلے مطابق عدم اعتماد کا سامنا کریں، تقاریر اور احتجاج سے عدم اعتماد کی تحریک ختم نہیں ہو سکتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں