شبلی فراز

اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کا قیام نالج اکانومی کی جانب ایک اہم قدم ہے، شبلی فراز

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کا قیام نالج اکانومی کی جانب ایک اہم قدم ہے، یہ زونز ملک میں جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور برآمدات کے اضافے میں مدد فراہم کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے چیئرمین عامر ہاشمی سے ملاقات کے دوران کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے نئی معاشی اقدار کو فروغ دینا وزیراعظم عمران خان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی زونز کا قیام عالمی سطح پر معاشی ترقی کا باعث بنا ہے، پاکستان میں ان زونز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان کے قیام سے نوجوانوں کو روزگار اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا موقع ملے گا۔چیئرمین اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی نے اس موقع پر کہا کہ ملک میں کل 50 زونز قائم کیے جائیں گے۔ لیکن ان کا آغاز اسلام آباد اور صوبائی دارلخلافوں سے کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں