چیئرمین ابرارالحق

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور ہلال احمر پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کاسمجھوتہ طے پا گیا

اسلام آباد (عکس آن لائن) ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین ابرارالحق نے کہا کہ وہ نجی شعبے کے تعاون سے اپنے ادارے کو مزید فعال بنانا چاہتے ہیں تا کہ اس کی سروس ڈلیوری کو مزید بہتر کیا جائے اور رسائی کووسعت دی جائے ۔ ہلال احمر پاکستان مقامی صنعتی شعبے کے ورکروں کو فرسٹ ایڈ ٹریننگ فراہم کرنا چاہتا ہے لہذا چیمبر اس سلسلے میں تعاون کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبہ آگے بڑھے اور ہلال احمر پاکستان کے ساتھ بہتر تعاون کرے تا کہ یہ ادارہ غیر ملکی فنڈنگ پر اپنا انحصار کم کر سکے۔ انہوںنے کہا کہ ہلال احمر پاکستان کی ایمبولینس سروس کو مزید بہتر کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولینس فوری دستیاب ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ باہمی یادداشت کے سمجھوتے پر دستخط کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے چیمبر کے طرف سے سمجھوتے پر دستخط کئے۔ ہلال احمر پاکستان کے سیکرٹری جنرل خالد بن مجید نے اس موقع پر تاجر وصنعتکار برادری کو اپنے ادارے کے جاری منصوبوں اور مستقبل کے پروگراموں کے بارے میں ایک تفصیلی بریفنگ دی۔ ہلال احمرپاکستان کے ایڈوائز پارٹنرشپس امجد پرویز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ہیلتھ کئیر اور آرگنائزیشن ڈویلپمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں ہلال احمر پاکستان کی گراں قدر خدمات کو سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اپنے ممبران کیلئے ایک ایمبولینس سروس شروع کرنا چاہتا ہے لہذا ہلال احمد پاکستان اس سلسلے میں تعاون کرے۔ انہوںنے کہا کہ مقامی صنعتی شعبے کو فرسٹ ایڈ ٹریننگ کی فراہمی میں چیمبر ہلال احمر پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہلال احمر پاکستان کے بلڈ ڈونر سنٹرز پر رضاکارانہ طور پر خون دینے کیلئے چیمبر اپنے ممبران کو متحر ک کرے گا۔ اس موقع پر دونوں اداروں نے دلچسپی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر تفصیلی بات چیت کی اور آئیڈیاز شیئر کئے۔ باہمی تعاون کے سمجھوتے کے مطابق دونوں ادارے بلڈ ڈونر سنٹرز اور فرسٹ ایڈ ٹریننگ کیلئے مل کر کام کریں گے۔ ہلال احمرپاکستان سہ ماہی بنیاد پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی میں خون کے عطیات جمع کرنے اور آگاہی کے کیمپ لگائے گا جبکہ چیمبر رضاکارنہ طور پر خون کے عطیات دینے کیلئے اپنے ممبران کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ ہلال احمر پاکستان چیمبر کے ممبران کو بوقت ضرورت ترجیحی بنیادوں پر خون فراہم کرے گا جبکہ چیمبر سالانہ بنیاد پر اپنے ممبران سے ہلال احمر پاکستان کیلئے عطیات اکھٹے کرے گا۔

اس کے علاوہ خون کے عطیات جمع کرنے کیلئے دونوں ادارے مشترکہ کیمپ لگائیں گے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر ایک ہفتے کی مہم چلائے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، عمر فاروق، خالد چوہدری، ظریف خان، عباس ہاشمی، ضیا خالد چوہدری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں