مشعال ملک

اسرائیل نے فلسطین پر ظلم و جبر کی انتہا کر دی ہے، مشعال ملک

اسلام آباد(عکس آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ اسرائیل نے فلسطین پر ظلم و جبر کی انتہا کر دی ہے، مودی حکومت کے ہندوتوا کی انتہا پسند پالیسی کے باعث کشمیری مسلمانوں کو ظلم و جبر کا سامنا ہے مہذب دنیا اس کا نوٹس لے۔

وہ بدھ کو روٹس انٹرنیشنل سکول و کالج میں محفل میلاد سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں نے بہت خوبصورت انداز میں نعت مقبول رسولۖپیش کی، اس کے لیے بچوں کے والدین اور اساتذہ کرام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ۖ جب دنیا میں آئے تو ہر طرف جہالت کا اندھیرا تھا، انہوں نے اپنی تعلیمات سے ان اندھیروں کو ختم کیا، حضرت محمد ۖکی تعلیمات اور زندگی نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ اس وقت فلسطین کے مسلمانوں کو انتہائی مشکل صورتحال کا سامنا ہے، اسرائیل نے ان پر ظلم و جبر کی انتہاکر دی ہے، یہ وقت ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان اور صحیح معنوں میں امن و رواداری چاہنے والی قومیں متحد ہو کر ان کا سامنا کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی غزہ کے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں پر بمباری انسانیت سوز ہے، مہذب دنیا اس کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کو بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی صورتحال بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے مسلمانوں کی بھی ہے، مودی حکومت کے ہندوتوا عقائد کے باعث کشمیری مسلمانوں کو ظلم و جبر کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اسلام کے اوپر ریسرچ کرنی چاہیے اور اس کے امن، مساوات اور رواداری کے پیغام کو پھیلائیں تاکہ دنیا میں امن ہو سکے۔

اس موقع پر انہوں نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگیوں میں حضرت خدیج الکبری اور حضرت فاطمہ کو رول ماڈل کے طور پر لیں اور اساتذہ اس میں اپنا کردار ادا کریں۔ محفل میلاد میں طالبات اور اساتذہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر روٹس سکول کے سی ای او وحید مشتاق اور سکول پرنسپل ثوبیہ جاوید بھی موجود تھیں۔ مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے طالبات کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں