ہمایوں اختر خان

استعفوں سے حکومت نے گھر نہیں جانا تھااپوزیشن کی رہی سہی سیاست بھی ختم ہو جانا تھی ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت گرانے کے خواب دیکھنے والے خود منہ کے بل گر چکے ہیں ،پاکستان کی تاریخ میں شاید یہ پہلی اپوزیشن ہے جو ملک و قوم کی بجائے اپنی قیادت کے مسائل کو اجاگر کرنے اور انہیں ریلیف دلوانے کیلئے سڑکوں پر نکلی لیکن ناکام رہی ،مسلم لیگ (ن) میں قیادت سنبھالنے کی جنگ عروج پر ہے ، سابقہ حکومت قرضوں کے پہاڑ چھوڑ کر گئی اور ایک ایسا منصوبہ نہیں بنایا گیا جس سے یہ قرضے واپس ہو سکیں ، عوا م سے اپیل ہے کہ کورونا کی شدت سے پھیلتی لہر میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے لوگ انتخابات میں جیتنے کے بعد اپنے حلقوں میں نہیں گئے بلکہ اپنی قیادت کی کرپشن بچانے اور انہیں ریلیف دلوانے کیلئے سڑکوں پر رہے ۔ہم نے نتائج کی پرواہ کئے بغیر عوام کی خدمت ہے اور ان کے مسائل کو حل کیا جارہا ہے۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بجلی کے کارخانے لگانے کی بات کرتی ہے لیکن کیا آپ آئی پی پیز کے معاہدوں بارے قوم کو بتانا پسند کریں گے ، حکومت اصلاحات کے ذریعے سابقہ حکومتوں کے بیگاڑ کو درست کرنے کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ جو یہ دعوے کر رہے ہیں کہ استعفوں سے حکومت نے گھر چلے جانا تھا خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے ، استعفوں سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑنا تھا بلکہ اپوزیشن کی رہی سہی سیاست بھی ختم ہو جانا تھی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں