راجناتھ سنگھ

ارٹیکل 370کے ہوتے ہوئے کشمیر میں کرپشن ہورہی تھی، راجناتھ سنگھ

جموں(عکس آن لائن) بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے دعوی کیا ہے کہ ارٹیکل 370کے ہوتے ہوئے کشمیر میں کرپشن ہورہی تھی ، بھارتی حکومت کے فنڈز کا غلط استعمال ہورہاتھا۔

حریت پسند اور ان کے رہنما مزے لوٹ رہے تھے، پاکستانی کی حمایت میں بولتے تھے۔مودی حکومت نے وادی سے حریت پسند تحریک کا خاتمہ کرتے ہوئے جموں وکشمیر سے دفعہ 370پلک جھپکتے ہی ختم کردیا ۔ راجناتھ سنگھ نے دہلی میں بھارتی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور بی جے پی جنرل سیکریٹری رام مادھو کی موجودگی میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ جموں میں ریلی سے خطاب کیا ۔

اپنے خطاب میں راجناتھ سنگھ نے کہا کہ آرٹیکل 370 ہٹائے جانے کے بعد سے جموں وکشمیر کے حالات تیزی سے بدلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی لیڈر شپ میں آگے آنے والے پانچ سالوں میں ہم جموں وکشمیر کی تصویر اتنی بدل دیں گے کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے ہی مانگ اٹھے گی کہ ہم اب ہندوستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، وہاں کے لوگ ہی کہیں گے کہ پاکستان کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ جس دن ایسا ہوگا، اسی دن ہمارے پارلیمنٹ کا بھی یہ عزم پورا ہوجائے گا۔انہوں نے کہا وزیر اعظم نریندر مودی کی سرپرستی میں کئی تاریخی فیصلے کئے گئے اور دفعہ 370کا خاتمہ ان میں سے ایک تھا۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی اولین ترجیح جموں کشمیر خطے میں تعمیر و ترقی ہے اور اسی پس منظر میں دفعہ 370بھی ہٹایا گیا۔

ان کاکہناتھاجب بھی بین الاقوامی سطح پرجموں وکشمیر کا مسئلہ اٹھایاگیاتو دفعہ 370کا معاملہ بھی اٹھایاگیا ،لیکن تب روس جیسے چند دوست ممالک کے سوازیادہ تر ممالک نے بھارت کا نہیں بلکہ پاکستان کاساتھ دیا تاہم دفعہ 370کے خاتمے کے بعد ملائشیا اور ترکی کو چھوڑ کر مسلمان ممالک نے بھی بھارت کی حمایت کی ۔راجناتھ سنگھ نے کہاچین اور ہندوستان کے درمیان تنازعہ ملٹری سطح کی بات چیت سے حل ہوگا اور یہ بات چیت جاری ہے۔انہوں نے کہاچین بھی دونوں ممالک کے درمیان مسائل حل کرنے کا خواہش مند ہے،ہماری حکومت کسی کو بھی اندھیرے میں نہیں رکھے گی،ہم مناسب وقت پر سب کو بتائیں گے،ہم قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت اپنی طاقت کسی کو ڈرانے کے لئے نہیں بڑھا رہا ہے بلکہ وطن کے دفا کے لئے بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رافیل طیارے جولائی میں آرہے ہیں۔ ہماری ایئر فورس کی طاقت بڑھ جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں