احسن اقبال

احسن اقبال کی تعمیر نو اور بحالی کے پلان کو مزید جامع اور مربوط بنانے کی ہدایت

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے تعمیر نو اور بحالی کے پلان کو مزید جامع اور مربوط بنانے کی ہدایت دی ہے۔ ڈپٹی چیئرمین این ایف آر سی سی پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت این ایف آر سی سی کا اجلاس ہوا جس میں سیلاب کے بعد بحالی و تعمیر نو کے مختصر اور طویل المدتی منصوبوں کے پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں قدرتی آفات کے بعد متاثرہ علاقوں میں اعداد و شمار اکھٹا کرنے کے میکنزم کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین احسن اقبال نے اجلاس میں ہدایت دی کہ تعمیر نو اور بحالی کے پلان کو مزید جامع اور مربوط بنایا جائے۔ این ایف آر سی سی نے کہا کہ بحالی و تعمیر نو کے منصوبوں کو مستقل بنیادوں پر فالو اپ ضروری ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات اور ضروریات کے تخمینے کے اعداد و شمار کو مردم شماری کے ڈیٹا سے مربوط کیا جائے۔

اجلاس میں فورم کی جانب سے دریاں کے قریب فشریز فارمز کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ فورم کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں سیاحت کو پہنچنے والے نقصان کے تخمینے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں مزید ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ انفرا اسٹرکچر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن(ایچ ای سی) نے اجلاس میں بتایا کہ 63 جامعات نے 85 ہزار 120 فوڈ پیکس تقسیم کیے، سیلاب زدگان کی مدد کے لیے 84 جامعات کے 20 لاکھ طلبا کو موبلائز کر رہے ہیں۔ این ایف آر سی سی نے مزید کہا کہ امدادی سرگرمیوں میں اچھی کارکردگی دکھانے والی جامعات اور طلبا کو اعزازی شیلڈز دی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں