احساس پروگرام

احساس پروگرام کے تحت خیبرپختونخوا میں مستحق خاندانوں کو 12 ہزار روپے دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے،اجمل وزیر

پشاور(عکس آن لائن)وزیراعلی خیبر پختون خوا کے مشیر اطلاعات وتعلقات عامہ اجمل وزیر نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت خیبرپختون خوا میں مستحق خاندانوں کو 12 ہزار روپے دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے احساس پروگرام کے تحت خیبرپختونخوا میں 22 لاکھ مستحقین کو امدادی رقم دی جا رہی ہے جس کے لئے صوبے بھر میں3600 پوائنٹ قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مستحق افراد ایس ایم ایس وصولی کے بعد متعلقہ سنٹر کا دورہ کرے جس کا پتہ ایس ایم ایس میں دیا ہو۔اجمل وزیر نے تاکید کی کہ رقم وصولی کے دوران کورونا وائرس سے بچنے کے لیے فاصلے کا خاص خیال رکھا جائے۔

شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام مستحق افراد کو آن لائن نظام انفارمیشن منجمنٹ سسٹم کے تحت رقوم دیے جا رہے ہیں وہ پشاور میں احساس پروگرام کے تحت غریب، نادار اور مستحق خاندانوں میں رقوم تقسیم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اجمل وزیر نے کہا کہ احساس پروگرام کے بعد دوسرے مرحلہ میں صوبائی حکومت کے ریلیف پیکج میں چھ ہزار روپے مستحقین میں تقسیم کیے جائیں گے اور صوبائی حکومت کی جانب سے زکات فنڈ سے بھی ایک لاکھ مستحق افراد کو 12 ہزار روپے دیے جائینگے۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلی سیکٹریٹ میں قائم کورونا وائرس کے لیے کنٹرول روم مکمل طور پر فعال ہے، اب تک صوبے میں کورونا وائرس کے کل مثبت 560 کیسز ہیں اور کورونا وائرس سے اب تک کل 20 افراد جانبحق ہوئے ہیں کورونا وائرس سے 74 نئے مریض صحتیاب ہوئے ہیں اور کل 31 نئے کورونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر منفی کیسز کی تعداد 1472 ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں