وزیر اعظم ہائوس

آڈیو لیکس سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے وزیراعظم ہاس کی مکمل جانچ پڑتال، وفاقی وزیر کی تصدیق

اسلام آباد (نمائندہ عکس)وزیر اعظم ہائوس سے آڈیو لیک کی تحقیقات کیلئے تشکیل دی گئی اعلی اختیارات کی حامل کمیٹی نے آڈیو لیکس سے مستقبل میں ہمیشہ کیلئے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے وزیراعظم ہاس کی مکمل جانچ پڑتال کی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی کے ممبران نے عمارت کا جائزہ لیا، وزیر اعظم ہائوس اور آفس کے تمام ملازمین اور افسران کے موبائل اور لیپ ٹاپ مانیٹر کیے جارہے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز کے ساتھ ساتھ سابق وزیراعظم عمران خان کی آڈیو لیک ہوئی تھیں۔وزیراعظم آفس کے نئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے مطابق کسی بھی عملے اور افسر کو عمارت کے اندر موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی، ذرائع نے کہا کہ تمام عملہ وزیراعظم ہائوس کے داخلی دروازے پر اپنے موبائل فون جمع کروائے گا اور دفتری اوقات ختم ہونے کے بعد دفتر سے واپس جاتے ہوئے یہ انہیں دے دئیے جائیں گے۔دوسری جانب وزیر اعظم ہائوس میں نیا سائبر سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ قائم کیا جارہا ہے جس کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل ہوں گے، ویٹرز سمیت نچلے درجے کے تمام عملے پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور وزیراعظم شہباز شریف تک ان کی رسائی بھی محدود کردی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں