آلو کی کاشت

آلو کی کاشت میں مسلسل اضافہ،یہ خوراک کو متوازن بناتا ہے،ماہرین زراعت

فیصل آباد (عکس آن لائن)ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں آلو کے زیر کاشت رقبے میں اضافہ ہو ا ہے جس کی وجہ نشاستہ، منرلز اور پروٹینز کی بھر پور مقدار کے باعث جہاں خوراک کو متوازن بنانے میں اس کا استعمال بڑھا ہے وہیں اس سے بننے والی دیگر غذائی مصنوعات کی مانگ بھی کئی گنا بڑ ھ گئی ہے جس سے متعلقہ سٹیک ہولڈرز بھاری منافع حاصل کر رہے ہیں۔

زرعی ماہرین کے مطابق آلو دنیا کی مشہور فصل ہونے کے ساتھ ساتھ مکمل غذ ا بھی ہے جسے نہ صرف چھوٹی عمر کے بچوں میں انتہائی مقبولیت حاصل ہے بلکہ اسے ہر خوراک کو متوازن بنانے کیلئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے خاص فضل و کرم سے اب گرمی، سردی، بہار اور خزاں کے موسموں میں ملک میں سارا سال کہیں نہ کہیں آلو کی کاشت جاری رہتی ہے اور گزشتہ چند سالوں کے دوران آلو کے زیر کاشت رقبہ میں ہزاروں ایکڑ کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ معیاری بیج کی کم دستیابی کے باعث کاشتکار مارکیٹ سے آلو کا جو بیج خرید رہے ہیں وہ مختلف بیماریوں کے باعث کم پیداوار فراہم کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آلو کی فصل کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری بھی انتہائی اہم ہوتی ہے جس میں کھادوں کا متوازن استعمال بھی ضروری ہے، اگر کاشتکار محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا ماہرین زراعت کے مشوروں پر عملدرآمد کریں تو آلوکی مزید بہترین فصل حاصل کی جا سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں