مرتضی وہاب

آصف زرداری، بلاول بھٹو کیخلاف بات کرکے فواد چوہدری کی نوکری پکی نہیں ہونی، مرتضی وہاب

کراچی(عکس آن لائن)سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہاہے کہ آصف زرداری، بلاول بھٹو کیخلاف بات کرکے فواد چوہدری کی نوکری پکی نہیں ہونی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جو ملک اور عوام کی حالت کی ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔انہوں نے فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی نااہل حکومت نے حقیقت میں عوام کی چینخیں نکلوا دی ہیں۔مشیر قانون سندھ نے کہا کہ پیپلزپارٹی محب وطن جماعت ہے جس نے ملک اور جمہوریت کے لیے اپنی قیادت کی قربانیاں دیں، فواد چودھری حب الوطنی کا درس کسی اور کو دیں۔

انہوں نے کہاکہ سندھ کے لیے سلیکٹیڈ حکومت کی منافقانہ اور غیر منصفانہ پالیسیاں یہاں کی عوام اچھی طرح جانتے ہیں، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے خلاف بات کرکے فواد چودھری کی نوکری پکی نہیں ہونی۔مرتضی وہاب نے کہا کہ آپ کی نااہل حکومت جھوٹ اور یوٹرن کے سہارے کھڑی ہے، سندھ کا پانی کسی اور نے نہیں وفاق اور پنجاب نے روکا۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں بدین، ٹھٹھہ، عمر کوٹ، جامشورو، گھارو اور دیگر علاقوں کی زمینیں آپ نے بنجر کی ہیں۔انہوں نے کہاکہ لاکھوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں آپ کی نااہل حکومت کی غیر منصفانہ پالیسیوں کی بھینٹ چڑھائی گئیں نفرت کی سیاست کرکے شیرو بریگیڈ ملکی عوام کو تقسیم کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں