شہباز شریف

آشیانہ ہائوسنگ ریفرنس کی سماعت یکم اپریل تک ملتوی ،شہباز شریف کاکورونا کے باعث سماعت کیلئے لمبی تاریخ دینے کا مطالبہ

لاہور(عکس آن لائن) احتساب عدالت نے آشیانہ ہائوسنگ ریفرنس کی سماعت یکم اپریل تک ملتوی کردی جبکہ مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے کورونا وباء میں شدت کے باعث سماعت کیلئے لمبی تاریخ دینے کا مطالبہ کردیا ۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر نے سماعت کی ۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کوجیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا ۔

دوران سماعت فاضل جج نے بینک کے افسران کی جانب سے ریکارڈ پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا آپ لوگ کیوں تاریخ پر ریکارڈ کے بغیر آتے ہیں۔ نیب کے گواہ کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ کراچی سے ریکارڈ آنا تھا جو شام تک آجائے گا۔

فاضل جج نے ریکارڈ پیش نہ کرنے بینک کے دونوں افسران کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کر تے ہوئے ریمارکس دئیے کیوں نہ آپ کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔فاضل جج نے آئندہ سماعت پر تمام ریکارڈ لانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت یکم اپریل تک ملتوی۔

قبل ازیں شہباز شریف روسٹرم پر آئے اور فاضل جج کی اجازت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جج صاحب کرونا وائرس کی لہر عروج پر ہے،استدعا ہے کرونا وائرس کی شدت والی لہر کے دروان تاریخ لمبی دیں،جب کرونا وائرس کی شدت والی لہر گزر جائے اور اس کے بعد معمول کے مطابق سماعت کر لی جائے ۔فاضل جج نے کہا کہ آپ کی استدعا پر آئندہ سماعت پر غور کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں