شیخ رشید

آسٹریلوی ٹیم کو سربراہ مملکت کے برابر سیکیورٹی دی ہے،بھارتی سازش ناکام ہوگئی ہے،شیخ رشید احمد

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ مہمان ٹیم کو سربراہ مملکت کے برابر سیکیورٹی دی ہے،بھارتی سازش ناکام ہوگئی ہے،بھارت ہماری خوشی میں خوش نہیں ، انتظامیہ، پولیس اور سیکیورٹی فورسز بہترین کام کر رہے ہیں، بدقسمتی سے نیوزی لینڈ ٹیم بھارتی سازش کا شکار ہوئی ، مستقبل میں سب ٹیمیں پاکستان آئیں گی ، بہترین انتظامات پر پاک فوج ، رینجرز سمیت تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔

منگل کو وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا اور پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریز کیلئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر کمشنر اور سی پی او راولپنڈی نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی ۔ وزیر داخلہ نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج ، رینجرز ، پولیس اورجڑواں شہروں کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرنے آیا ہوں۔

انہوںنے کہاکہ بھارت نے مذموم حرکت کی، وہ کچھ نہیں کرسکتا، ان کی سازشیں ناکام ہوچکی ہیں۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ بد قسمتی سے نیوزی لینڈ ٹیم بھارتی سازش کا شکار ہوئی ، نیوزی لینڈ کو اتنی سکیورٹی دی تھی جتنی ان کی اپنی فورسز نہیں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مستقبل میں سب ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے یہاں چھوٹے گائوں میں جائیں بجلی اور گیس نہیں ہوگی لیکن کرکٹ ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے بھی سی ڈی اے کو اسلام آباد میں اسٹیڈیم بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں دنیا کا ماڈرن اسٹیڈیم اور فائیو اسٹار ہوٹل بنا رہے ہیں۔شیح رشید کا کہنا تھا کہ آسٹریلین ٹیم کو ہماری مہمان نوازی پسند آئے گی۔ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ سیکورٹی کے سخت انتظامات ہیں،آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کو بہترین انتظامات دیے جائیں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں