چیئرمین نیب

آزادی صحافت کا احترام،قانون کے دائرے میں رہ کر احتساب جاری رکھیں گے،چیئرمین نیب

لاہور(عکس آن لائن )قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئر مین جسٹس جاوید اقبال نے گزشتہ روزنیب لاہور بیورو کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کیجانب سے انہیں میگا کرپشن کے مقدمات میں ہونیوالی پیش رفت پہ جامع بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں نیب لاہور کے تمام سینئر افسران نے شرکت کی۔

ڈی جی نیب لاہور کی سربراہی میں میر شکیل الرحمن کیس کی تحقیقات کرنے والی کمبائینڈ انویسٹی گیشن ٹیم بشمول لیگل و لینڈ ریونیو ایکسپرٹس نے چیئر مین نیب کو میر شکیل الرحمن کے ریمانڈ کے حصول کے بعد اب تک کی ہونیوالی پیشرفت پر تفصیل سے بریف کیا۔ اس موقع پر جسٹس جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب آزادِی صحافت پرسختی سے یقین رکھتا ہے جبکہ نیب مبینہ بدعنوان عناصر کیخلاف قانون کے مطابق اور میرٹ کی بنیاد پر کسی بھی دباؤ، دھمکی ، پریشر اور پراپیگنڈہ مہم کو خاطر میں لائے بغیر اپنی قومی ذمہ داری ادا کر رہا ہے۔

نیب آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دینے پر یقین رکھتا ہے اور دیتا رہے گا۔نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے کام کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے جو بدعنوان عناصر کیخلاف صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پہ اور ٹھوس شواہد کے حصول کے بعد ہی اقدامات اٹھانے پر یقین رکھتا ہے۔نیب کے کرپٹ عناصر کیخلاف اور ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے مختلف معتبر قومی اور بین الاقوامی ادارے معترف ہیں جن میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل، ورلڈ اکنامک فورم اور پلڈاٹ شامل ہیں۔

چیئر مین نیب جسٹس جاوید اقبال نے ہدایات جاری کیں کہ تمام میگا کرپشن کے مقدمات کی جلد از جلد تحقیقات منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے شواہد کے ساتھ ریفرنسز معزز احتساب عدالتوں میں دائر کئے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں