آرمی چیف

آرمی چیف کا سرحدوں کے اطراف سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کے عزم کا اعادہ

راولپنڈی(عکس آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سرحدوں کے اطراف سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے سرحد پہ باڑ لگانے کا عمل شروع کیا ہے، اس کے لیے مشترکہ تعاون کو فروغ دینا ہوگا،

باڑ سے دہشت گردوں، اسمگلروں کی نقل و حرکت روکنے میں مدد ملے گی، پاکستان عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہے،ہم برابری کی بنیاد پر خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے خواہاں ہیں، سرحد پر چوکیوں کو مزید فعال بنانا ہوگا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاک ایرانی بارڈر پر پاکستانی سیکورٹی فورسز پر دہشت گردانہ حملے کے سلسلے میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل باقری کو ٹیلی فون کر کے بارڈر پر فورسز پر حملے پرتحفظات کا اظہار کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ پاک، ایران سرحد پر حملے میں 6 سیکورٹی اہل کار شہید ہو گئے تھے، اس سلسلے میں کی گئی ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں فوجی سربراہوں نے سیکورٹی اقدامات بڑھانے پر اتفاق کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے پاک ایران بارڈر پر باڑ لگانے کا کام شروع کر دیا ہے، جس کے لیے مشترکہ تعاون کو فروغ دینا ہوگا، باڑ سے دہشت گردوں، اسمگلروں کی نقل و حرکت روکنے میں مدد ملے گی۔آرمی چیف نے ایرانی ہم منصب سے کہا کہ پاکستان عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہے، اور ہم برابری کی بنیاد پر خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے خواہاں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سرحد پر چوکیوں کو مزید فعال بنانا ہوگا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں کرونا کی وبا کی صورت حال پر بھی بات چیت ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں