عمر ایوب

آج پارلیمنٹ میں برائے نام صدارتی انتخاب ہو رہا ہے، عمر ایوب

اسلام آباد(عکس آن لائن)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور سنی اتحاد کونسل کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ آج پارلیمنٹ میں برائے نام صدارتی انتخاب ہو رہا ہے، ہم اس صدارتی انتخاب کو مسترد کرتے ہیں۔

عمر ایوب نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ فارم 45 پر ڈاکا ڈال کر پی ٹی آئی امیدواروں کو ہرایا گیا، فارم 45 میں ہیرا پھیری کر کے شہباز شریف وزیراعظم بنے، یہ ایوان میں اس وقت اجنبی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو رہا کیا جائے، پابندِ سلاسل ہمارے تمام ساتھیوں کو رہا کیا جائے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مخصوص نشستوں پر امیدواروں نے غیرقانونی حلف لیا۔یاد رہے کہ پاکستان کے 14ویں صدر کا انتخاب کرنے کے لیے قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

دونوں صدارتی امیدوار آصف زرداری اور محمود خان اچکزئی نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں