وزیراعظم شہباز شریف

آئیں کشکول توڑنے کیلئے ہم سب ایک ہوجائیں وزیراعظم کی تمام پاکستانیوں سے اپیل

اسلام آباد(نمائندہ عکس) وزیراعظم شہباز شریف نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں کشکول توڑنے کیلئے ہم سب ایک ہوجائیں، مضبوط معاشی قوت بننے کیلئے ہم نے مشترکا جدوجہد کرنی ہے، ہم نے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط قوت بنانا ہے، پاکستان ہمارے آبا اجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے جسے آئین ،جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کیلئے حاصل کیا، اس وقت ہمیں نیشنل ڈائیلاگ کی اشد ضرورت ہے، شر پسند قوتوں کو ملی یکجہتی اور باہمی اتحاد سے کچل دیں گے، قیام پاکستان ہمارے لیے ایک بہت بڑا سبق ہے، ہم قیام پاکستان کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، مایوسیاں پھیلانے والوں کی پھر ہار ہوگی،مقبوضہ کشمیر کو جلد آزادی ملے گی، اللہ تعالی مقبوضہ کشمیر اور فلسطینی عوام کو آزادی نصیب فرمائے۔ اتوار کو75ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے جناح کنونشن سنٹر میں ہوئی جس میں وزیراعظم ،چیئرمین سینٹ،وفاقی وزرا سمیت سیاسی اور عسکری حکام، سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا جس کے بعدوزیراعظم نے سبز ہلالی پرچم کو فضا میں بلند کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہمیں خودی، خوداری، خود اعتمادی پر یقین کا متزلزل ہونا ہے، ہمیں قومی کردار، جذبے، ہمت ، محنت اور ست ہر کام کر دکھانا ہے جس کا سب سے بڑا ثبوت خود پاکستان کا قیام ہے۔ یہی وہ جذبہ تھا جسے علامہ اقبال نے سوئی ہوئی ملت میں جگایا، جس کی مدد سے قائداعظم کی عظیم و شان قیادت میں ایک خواب کو تعبیر میں بدل دیا اور پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر پاکستان کے اس مشن کو ہماری قومی سیاسی قیادت نے جمہوری اور آئینی جدوجہد کے ذریعے آگے بڑھایا، انہوں نے حقائق سے نظریں نہیں چرائیں، ہوش مندی سے سچائی کا سامنا کیا، اور شدید مالی، انتظامی اور ہر طرح کے مسائل کا صبر، استقامت اور دانش مندی سے مقابلہ کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی سیاسی قیادت نے قوم کو متفقہ آئین دے کر ایک قومی ایجنڈے پر اکٹھا کیا، ادارے بنائے، معیشت، زراعت، صنعت کو ترقی دی، قوم کو روزگار دیا، اور پاکستان کو دنیا میں قابل عزت بنایا، یہی وہ قوم ہے جس نے وسائل نہ ہونے کے باوجود وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں جوہری پروگرام شروع کیا اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں دبا کے باوجود اسے مکمل کرکے قومی دفاع کو ہمیشہ کے لیے ناقابل تسخیر بنا دیا۔

قوم نے ہولناک زلزلوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کیا ہے، اسی قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں نے کھیلوں کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کا پرچم سر بلند کیا، حالیہ دنوں میں کامن ویلتھ گیمز میں ارشد ندیم اور نوح بٹ سمیت دیگر نے کامیابیاں حاصل کرکے پاکستان کو دنیا میں سربلند کیا، اسی قوم نے مل کر دہشت گردی کو شکست فاش دی، یہ ہمارے قومی عزم، ادارے اور اعتماد کی چند مثالیں ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور تعمیر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتا ہوں۔ دعا ہے کہ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کو بھی جلد آزادی کی نعمت ملے۔ اس موقع پر بلوچستان میں ہونے والے حالیہ مون سون بارشوں سے نقصانات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے بلوچستان میں بہت نقصانات ہوئے، جس پر میں ان غم زدہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

پوری قوم کو مل کر ان حالات کا مقابلہ کرنا ہے۔ میں اس موقع پر ملک کی خدمت میں کردار ادا کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی جوہری قوت ہے، یو این کی عالمی امن کی کوششوں میں ہمارا نمایاں کردار ہے، ترقی کے حصول میں ہم سے اجتماعی کوتاہیاں ہوئی ہیں، تاہم اب ہم نے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط قوت بنانا ہے۔ مضبوط معاشی قوت بننے کیلئے ہم نے مشترکا جدوجہد کرنی ہے۔ نوجوان اس ملک کا مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں، قوم سے اپیل میں ان کا کہنا تھا کہ آئیں کشکول توڑنے کیلئے ہم سب ایک ہوجائیں، دن رات محنت کو اپنا کر اپنے مشن میں کامیابی حاصل کریں۔ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے وزارت اطلاعات و نشریات کے اقدامات کو بھی سراہا اور کہا کہ قومی ترانے کو دوبارہ ریکارڈ کرانے کا کریڈٹ ان کامیاب لوگوں کو جاتا ہے جس کیلئے انہوں نے محنت کی، اس ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں