اسلام آباد (عکس آن لائن)سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں وزیراعظم عمران خان کی اپیل سماعت کیلئے منظور کر تے ہوئے اکبر ایس بابر کو نوٹس جاری کر تے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔ جمعرات کو دور ان سماعت وکیل عمران خان نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی پر کوئی اعتراض نہیں۔
انور منصور نے کہاکہ کیس کرنے سے قبل اکبر بابر پی ٹی آئی سے نکالے جا چکے تھے، الیکشن کمیشن کو اختیار نہیں تھا کہ اکبر بابر کو پارٹی رکن قرار دے۔ وکیل عمران خان نے کہاکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا۔ انور منصور خان نے کہاکہ کون پارٹی ممبر ہے کون نہیں یہ تعین کرنا سول کورٹ کا اختیار ہے۔انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن کوئی عدالت ہے نہ ہی ٹربیونل، اکبر بابر کی سکروٹنی کمیٹی کارروائی میں شرکت پر اعتراض ہے۔ وکیل عمران خان نے کہاکہ سکروٹنی کمیٹی اپنا کام کر رہی ہے اس پر کوئی اعتراض نہیں۔
جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ اکبر ایس بابر کو پارٹی سے کب نکالا گیا؟ ۔ وکیل عمران خان نے کہاکہ اکبر بابر کو 26 ستمبر 2011 کو پی ٹی آئی سے نکالا گیا۔ انور منصور نے کہاکہ سکروٹنی کمیٹی کی کارروائی ان کیمرا ہونی چاہیے۔ وکیل اکبر بابر نے کہاکہ پارٹی سے نکالے جانے کا نوٹس کسی فورم پر پیش نہیں کیا گیا۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاکہ آپ کو نوٹس کر رہے ہیں تحریری جواب جمع کرائیں۔ بعد ازاں عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی