وزیر اعظم

وزیر اعظم سے آرمی چیف کی الوداعی ملاقات ،جنرل قمر جاوید باجوہ کی پاک آرمی، ملکی دفاع اور قومی مفادات کیلئے خدمات کی تعریف

اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف سے چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی جس میں وزیر اعظم نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی پاک آرمی، ملکی دفاع اور قومی مفادات کے لئے خدمات کو سراہا۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے کہاکہ فیٹیف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلوانے، کورونا وبا اور سیلاب سمیت مختلف بحرانوں میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں آرمی نے مثالی خدمات انجام دیں۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کے لئے جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں آرمی نے بڑی شجاعت و بہادری سے کردار ادا کیا ۔ انہوںنے کہاکہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تاریخ کے ایک مشکل مرحلے پر پاک آرمی کی قیادت کی،دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوںنے کہاکہ پیچیدہ علاقائی صورتحال میں جنرل قمر جاوید باجوہ کے قائدانہ کردار سے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں سمت کا تعین ہوا۔وزیراعظم نے جیواکنامکس کی اہمیت کے حوالے سے جنرل قمر جاوید باجوہ کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کو معاشی قوت بنانے کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو میثاق معیشت پر دستخط کرکے اجتماعی دانش کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے آرمی چیف سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ کو دنیا کی بہترین آرمی کی قیادت کا باعث فخر اعزاز حاصل ہوا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی امور کی انجام دہی میں بھرپور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا ۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے سرکاری امور کی انجام دہی میں بھرپور تعاون پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں