ڈاکٹر جاوید اکرم

نگران حکومت نے تمام سکولوں میں بچوں کی سکریننگ کافیصلہ کیاہے’ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (عکس آن لائن)نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے جوہرٹاؤن میں الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدہ سیمینار میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر عالمی ادارہ صحت سے ڈاکٹرجمشید،پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن سے ڈاکٹرمشتاق سلہریا،ڈاکٹراعجاز،چیئرمین پروفیسرزاہدلطیف،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عثمان انور،ڈاکٹرمصباح اور الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔سیمینار”Safe Mothers Safe Families Project” کے عنوان سے منعقدکیاگیاتھا۔الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے سیلاب زرگان علاقہ جات میں حاملہ خواتین کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ انتہائی اہم موضوع پر سیمینارمنعقدکروانے پر الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کی کاوش کوسراہتے ہیں۔الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن نے سیلاب زدگان علاقہ جات میں سینکڑوں حاملہ خواتین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی ہیں۔ایک صحت مندماں ہی صحت مندمعاشرہ کی بنیادرکھ سکتی ہے۔ہمیں ماں اور بچہ کی سہولیات کو مزیدبہتربناناہوگا۔

ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کے ویژن کے مطابق عوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔اللہ پاک کو خدمت انسانیت کرنے والے انسان بہت پسندہیں۔پاکستان میں ہر50سال کے شخص کو بلڈپریشرجیسی بیماری کاسامناہے۔پاکستان میں خطرناک بیماریوں کی روک تھام کیلئے تمام سٹیک ہولڈرزکومشترکہ کاوش کرنی ہوگی۔حکومت خدمت انسانیت کیلئے الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کے ساتھ کھڑی ہے۔

نگران صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ نگران حکومت نے تمام سکولوں میں بچوں کی سکریننگ کافیصلہ کیاہے۔پاکستان میں شادی سے قبل بچیوں کی سکریننگ انتہائی اہم ہوچکی ہے۔ہمیں ناگہانی آفات کا انتظارکرنے کی بجائے پہلے سے سدباب کرناچاہئے۔ہم آج تک پاکستان سے پولیو اور ڈینگی کا خاتمہ نہیں کرسکے۔پاکستان میں صحت کے شعبہ میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ہمیں معاشرہ کی بہتری کیلئے ایک نظام بناناچاہئے۔نگران پنجاب حکومت صوبہ بھرمیں عطائی ڈاکٹرزکے خلاف بلاامتیازکارروائی عمل میں لارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں