لاہور (عکس آن لائن) نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی کاعمل روکنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔لاہور ہائی کورٹ میں دائر متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ، قانون کے مطابق چیئرمین نیب کی تعیناتی کے لیے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سے مشاورت ہونی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ راجہ ریاض قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نہیں ہو سکتے، حکومت راجہ ریاض سے مشاورت کر کے مرضی کا چیئرمین نیب لگانا چاہتی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے قومی اسمبلی میں راجہ ریاض کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی عدالت میں چیلنج کر رکھی ہے، اپوزیشن لیڈر پر فیصلہ ہونے تک نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی کاعمل روکنے کا حکم دیا جائے۔