گندم

فیصل آباد، گندم کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت گندم پیداواری مقابلہ 2023کا شیڈول جاری

فیصل آباد (عکس آن لائن ):محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت گندم پیداواری مقابلہ2023کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر کے تمام اضلاع کے پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے کے خواہشمند 5 یا 5 ایکڑ سے زائد رقبہ والے کاشتکار مرد و خواتین 30 جنوری تک درخواستیں دے سکتے ہیں۔ نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق مشترکہ کھاتہ رکھنے والے زمیندار، کاشتکار، کسان، ٹھیکیدار، مزارعین بھی گندم کے پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے کے اہل ہیں اور ہر درخواست دہندہ کا ریکارڈ متعلقہ دفتر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کے متعلقہ رجسٹر میں درج ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے والے کاشتکار 5 ایکڑ متصل فصل گندم جس میں کوئی بھی منظور وتصدیق شدہ گندم کے بیج کی کاشت کی گئی ہو کو مقابلہ کیلئے پیش کرسکتا ہےاور اس سلسلے میں ہر تحصیل سے 10 بہترین پلاٹس مقابلہ میں شریک کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی سطح پرتمام تحصیلوں سے 10 بہترین فیلڈ ز کی برداشت کے بعد نتائج کو مرتب کیا جائے گااور ہر ضلع میں زیادہ سے زیادہ پیداوار لینے والے 3 کاشتکار منتخب کئے جائیں گے جو اول، دوم، سوم انعامات کے مستحق ہوں گے، جیتنے والوں کوجدید زرعی مشینری اور پرکشش انعامات دیئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی سطح کے انعامات کا فیصلہ ضلعی سطح کے منتخب کاشتکاروں میں سے کیا جائے گا اور ضلع میں خالی ہونیوالی انعام کی پوزیشنز نیچے سے پر کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح کی کمیٹیاں اس مقابلے کی نگرانی کریں گی اور ہر کمیٹی کا فیصلہ اگلی کمیٹی میں چیلنج کیا جاسکتا ہے لیکن صوبائی سطح کا فیصلہ حتمی ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کاشتکار اپنے متعلقہ نمبردار سے تصدیق کرواکر درخواست جمع کروائیں گے لیکن برداشت سے پہلے ضلعی کمیٹی زمین کے ریکارڈ کی مزید تصدیق بذریعہ تحصیل کمیٹی کرائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہر لحاظ سے مکمل درخواستیں متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفاتر میں زیادہ سے زیادہ 30 جنوری تک جمع کروائی جاسکتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مزید معلومات و رہنمائی کیلئےمحکمہ زراعت کے قریبی دفتر سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں