راجہ پرویز اشرف

عقیدہ ختم نبوت اسلام کی اساس اور وحدت امت کی علامت ہے ، راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد(عکس آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت اسلام کی اساس اور وحدت امت کی علامت ہے، آپ ۖکی ذات گرامی ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہے،

عقیدہ ختم نبوت پر ایمان نہ رکھنے والوں کو 7 ستمبر 1974 کو اذئینی ترمیم کے ذریعے دائرہ اسلام سے خارج کرنا اس وقت کی قومی اسمبلی کااحسن اقدام تھا۔ جمعرات کو عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے 7ستمبر 1974 کو منظور ہونے والی آئینی ترمیم کو 49 سال مکمل ہونے پر اپنے پیغا م میں انہوں نے کہا کہ متفقہ آئینی ترمیم کی منظوری کا کریڈٹ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور اس وقت کے سیاسی اکابرین و علما کو جاتا ہے،

اس آئینی ترمیم کے ذریعے عقیدہ ختم نبوت پر ایمان نہ رکھنے والوں کو غیر مسلم قرار دیا گیا، ختم نبوت کا عقیدہ اسلام کی اساس اور وحدت امت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ سلسلہ نبوت کی آخری کڑی ہیں اور ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہیں، آپ کے بعد کوئی بھی اس منصب پر فائز نہیں ہو سکتا، قرآن مجید میں ختم نبوت کے حوالے سے واضح احکامات ہیں کہ آپ ۖ اللہ کے رسول اور آخری نبی ہیں۔

سپیکر نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، اسلام تمام مذاہب کے ماننے والوں کا احترام کرنے کی تلقین کرتا ہے اور ان کے عقیدہ کے مطابق انہیں اپنی مذہبی رسومات منانے کی اجازت دیتا ہے، آئین میں اقلیتوں کو اپنے رسم و رواج کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے،

مغرب میں توہین قرآن و رسالت کے واقعات انتہائی تکلیف دہ ہیں کیونکہ ان واقعات سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات اور احساسات کو مجروح کیا جا رہا ہے، باقی مذاہب کے ماننے والوں پر لازم ہے کہ مسلمانوں کے جذبات اور احساسات کا احترام کریں، آزادی اظہار رائے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ دوسرے کے مذہب کا مذاق اڑایا جائے اور ان کے جذبات اور احساسات کو مجروح کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں