ہرارے(عکس آن لائن) زمبابوے میں قحط سالی کے نتیجے میں 2 ماہ کے دوران 55 ہاتھی مر گئے۔میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق زمبابوے کے سب سے بڑے نیشنل پارک میں موجود 55 ہاتھی مر گئے جس کی وجہ خوراک اور پانی کی کمی بتائی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق خشک سالی کے نتیجے میں نیشنل پارک میں موجود شیر اور دیگر جانور بھی بیمار ہوگئے ہیں اور ان کی زندگیوں کو بھی خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔
نیشنل پارک میں ہاتھیوں کے مرنے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، نیشنل پارک کے ترجمان تناشی فراوا کے مطابق نیشنل پارک میں 50 ہزار جانور موجود ہیں جن میں ہاتھیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔تناشی فراوا کا کہنا تھا کہ پانی اورغذا کی وجہ سے ہاتھیوں کا مرنا تشویشناک امر ہے اس صورت حال پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔پارک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہاتھیوں نے پانی کی تلاش کے لیے طویل مسافت کی تھی، ہاتھیوں کے مرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق افریقی ممالک میں برسوں سے جاری خشک سالی ہے اور ملک تباہ حال معیشت سے بھی دوچار ہے، خوراک اور پانی کی عدم فراہمی کے سبب جانوروں بڑی تعداد میں متاثر ہورہی ہے۔نیشنل پارک کے ترجمان فراوا کا کہنا تھا کہ جنگلی حیات بھوکے پیاسے ہونے کی وجہ سے پارکوں میں بھٹکتے ہیں، فصلوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور بعض اوقات لوگوں کو بھی ہلاک کردیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رواں سال بھوکے ہاتھیوں کی جانب سے حملے میں 20 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔