اسلام آباد (عکس آن لائن )وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عدنان کے ٹیکوں کی وجہ سے ہی آج نواز شریف کی صحت کا یہ حال ہے، بیگم صفدر اعوان نے بہت خدمت کرلی، اب بیٹوں کو موقع دیں۔ اپنے ایک بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان کو بچانے کے لیے آلِ شریف نت نئی تاویلیں پیش کر رہی ہے، بیگم صفدر اعوان کی غیر موجودگی میں نواز شریف کی علاج نہ کروانے کی ضد ڈرامے بازی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا اصل مسئلہ بیماری نہیں، اپنے ٹبر کو احتساب سے بچانا ہے،حکومت آلِ شریف کی شاہی خواہشات کا مزید احترام نہیں کر سکتی۔وزیر اطلاعات پنجاب کاکہنا تھا کہ بیگم صفدر اعوان مجرم ہیں، ایسے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، عدلیہ اور حکومت نے ڈاکٹر عدنان اور مریم اورنگزیب کے واویلے کے بعد انسانی بنیادوں پر نواز شریف کو علاج کے لیے لندن جانے کی اجازت دی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ اب عدالتیں انہیں پکار رہی ہیں لیکن یہ بھائی، بیٹوں، سمدھی اور سارے خاندان سمیت لندن میں بیٹھے مزے کر رہے ہیں، ایسی کونسی خاص تیمارداری ہے جو بیگم صفدر اعوان نے کرنی ہے۔فیاض چوہان نے کہا کہ کوٹ لکھپت جیل میں بیگم صفدر اعوان کی آمد کے بعد نواز شریف کی طبیعت مزید بگڑ جاتی تھی،ایسے میں بیگم صفدر اعوان کا لندن نہ جانا ہی نواز شریف کے لیے بہتر ہے۔