لندن (عکس آن لائن) سکھ رہنماﺅں نے کرتار پور راہداری کھولنے کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات اور عزم کو سراہا تے ہوئے کہا کہ بابا گرونانک کی 550 ویں سالگرہ کی تقریب میںسکھوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا سے سکھ برادری کے رہنماﺅں نے ملاقات کی، اس موقع پر باہمی مفاد کے معاملات سمیت پاکستان میں بابا گرونانک کی 550 ویں سالگرہ کی تقریب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہائی کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سکھ رہنماﺅں نے کرتار پور راہداری کھولنے کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات اور عزم کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ سالگرہ کی تقریب میںسکھوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم سکھوں کیلئے ویزہ کے حصول کیلئے ہائی کمیشن میں خصوصی ہیلپ ڈیسک کے قیام پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران سکھ زائرین کے لئے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سمیت سرمایہ کاری کے دیگر مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سکھ برادری نے وزیراعظم عمران خان ، حکومت پاکستان اور پنجاب حکومت کی طرف سے سکھ خاتون کی تبدیلی مذہب اور شادی کے معاملات پر فوری توجہ دینے پر بھی اظہار تشکر کیا۔