انقرہ (عکس آن لائن) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ بحیثیت ترکی ہم نے کچھ بھی بغیر
محنت کے حاصل نہیں کیا۔ ترک نشریاتی ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار انھوں نے ویڈیو کانفرنس کے
ذریعے وزارت توانائی و قدرتی وسائل کی “ہائیڈروالیکٹرک پیداواری تنصیبات” کے اجتماعی افتتاح کی
تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔صدر اردوان نے کہا کہ ترکی کی حیثیت سے ہم نے آج تک جو بھی حاصل کیا ہے
اپنی محنت، ہمت اور کوشش سے حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ یہ پاور پلانٹ ترکی کے لئے مہذب ممالک کی
صف میں شمولیت کے لئے اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، ایک ایسا ملک جس کے پاس بجلی نہ ہو اسے
مہذب قرار دیا جانا ناممکن ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ترکی کی حیثیت سے ہم نے آج تک کوئی بھی کامیابی
بغیر محنت کے حاصل نہیں کی، ایک ایسے دور میں کہ جب پوری دنیا اپنے خول میں سمٹ چکی ہے
ہم نے وباء کے باوجود سرمایہ کاریوں، پیداوار اور روزگار کی فراہمی سے مثبت سمت میں حرکت کی
اور پوری دنیا پر ثابت کر دیا ہے کہ ہم نے وباء کے سامنے ہتھیار نہیں پھینکے۔انہوں نے کہا ہے کہ
کورونا وائرس وباء کے دور میں ترکی نے صحت کی خدمات کے ساتھ ساتھ تقریباً تقریباً ہر شعبے میں
سرمایہ کاریوں کو جاری رکھ کر 2023ء کے اہداف کے حصول بارے اپنے عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔
صدر اردوان نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر نے منّظم صنعتی علاقوں میں حالیہ 6 ماہ کے دوران
10 ارب لیرا کی سرمایہ کاری سے 583 نئی فیکٹریاں مکمل کر کے پیداوار کے لئے کھول دی ۔
ترکی کے بارے میں یورپی یونین کے روّیے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ یورپی یونین میں
بعض ممالک ترکی کے لئے دوہرے معیاروں کا اطلاق کر رہے ہیں، ان ممالک کو اصل میں خود شفافیت
کا مسئلہ درپیش ہے اور ترکی کے بارے میں ان کے موقف کے پس پردہ کارفرما ان کی نیت کسی سے
بھی پوشیدہ نہیں ہے۔صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے سے لے کر اقتصادیات تک،
ڈپلومیسی سے لے کر سلامتی تک ہر موضوع میں ہمیں خود پر مکمل اعتماد ہے۔