ہائیکورٹ

ہائیکورٹ نے مونس الٰہی کی اہلیہ کا نام نو فلائی لسٹ سے نکلوانے کیلئے درخواست پر سماعت تین فروری تک ملتوی کر دی

لاہور ( عکس آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی کا نام نو فلائی لسٹ سے نکلوانے کے لیے دائر درخواست پر سماعت تین فروری تک ملتوی کر دی ۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ میں جسٹس شہرام سرور نے تحریم الٰہی کی درخواست پر سماعت کی ۔ڈائریکٹر ایف آئی اے سرفراز ورک عدالت میں پیش ہوئے۔ایف آئی اے نے تحریم الٰہی سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کروا تے ہوئے بتایا کہ تحریم الٰہی کے خلاف ایک مقدمہ درج ہے ۔

تحریم الٰہی کے وکیل نے جواب کی روشنی میں دلائل دینے کی مہلت مانگ لی ۔جس پر عدالت نے سماعت تین فروری تک ملتوی کردی۔تحریم الٰہی نے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کرنے کے اقدام کو ہائیکورٹ میں چیلنج کررکھا ہے۔درخواست میں وفاقی حکومت،ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 10جنوری کو ائیرپورٹ پربیرون ملک جانے سے روک دیا گیا، ایف آئی اے کی جانب سے نام سٹاپ لسٹ میں ڈالا گیا، اس حوالے سے قواعد وضوابط پورے نہیں کئے گئے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا ہے لہٰذا عدالت ایف آئی اے کا اقدام غیرقانونی قرار دے، عدالت نوفلائی لسٹ سے نام نکالنے اور بیرون ملک جانے کی اجازت دے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں