لاہور( عکس آن لائن)مقامی عدالت نے انتشار انگیز تقریر کرنے اور پولیس اہلکاروں سے لڑائی جھگڑا کے مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف کیس کی سماعت 26مئی تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو دلائل کے لیے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔کیپٹن (ر) صفدر نے عدالت پیش ہوکر حاضری مکمل کرائی جبکہ اس موقع پر بریت کی درخواست بھی دائر کی گئی ۔
تھانہ اسلامپورہ پولیس نے کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف انتشار انگیز تقریر اور مریم نواز کی پیشی کے موقع پر پولیس سے لڑائی جھگڑے کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔کیپٹن (ر) صفدر کے عدالت میں پیشی کے موقع پر وکلاء اور ایک شہری کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد وکلاء کی جانب سے شہری کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا ۔