لاہور( عکس آن لائن)نامور اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی بگڑتی ہوئی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ،ہمیں خدا کی ذات سے اپنی مغفرت طلب کرنی چاہیے ۔
ایک ویب سائٹ کو دئیے گئے انٹر ویو میں میرا نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے میری زندگی میں بڑی تبدیلی رونما ہوئی ہے اور شاید اب زندگی کی حقیقت بھی واضح ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں کورونا کے پھیلاؤ میں بہت تیزی آئی ہے جو تشویشناک صورتحال اختیا ر کر چکی ہے ، عوام سے اپیل ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمدکرکے خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کوبھی محفوظ رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ہمیں اب طویل عرصہ تک کورونا کے ساتھ ہی زندگی بسر کرنا پڑے گی اس لئے عوام سے اپیل ہے کہ اپنے معمولات زندگی میں تبدیلی لائیں ۔ہمیں اپنے رب سے بھی مغفرت طلب کرنی چاہیے اور ایک دوسرے کیلئے اپنے دل کو صاف کرنا چاہیے ۔