لاہور(عکس آن لائن )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ5فروری کو جماعت اسلامی یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز میں منائے گی۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ اس سے دستبردار ہونے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
بد قسمتی سے اس حوالے سے حکمرانوں کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے ۔ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ، قصور، اوکاڑہ اور ساہیوال سمیت پنجاب بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز منصورہ میںمختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، اس لیے امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
بھارت خطے میں چوہدراہٹ قائم کرنے کے لیے امن و سکون کو تباہ و برباد کرنا چاہتا ہے۔ اس کا یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دیںگے۔ پاک چین اقتصادی راہداری ہندوستان، امریکہ سمیت دنیا کے کئی ممالک کی نظروں میں کھٹکتا ہے۔ اس کے خلاف ہونے والی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اڑھائی دو سالوں سے مقبوضہ کشمیر کے لوگ محصور ہیں۔ بھارتی حکومت نے ظلم و ستم کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ وادی میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔
جب سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگا ہے ، اس وقت سے اب تک 7خواتین سمیت 308افراد کو شہید کردیا گیا ہے۔ 16خواتین بیوہ اور 38بچے یتیم ہوئے۔ 1701افراد زخمی اور 995مکانات کو منہدم کیا گیا۔ جبکہ 14489افراد کو بے گناہ مختلف جیلوں میں قید ہیں۔ یہ اقدامات مودی سرکار کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کشمیر کے حوالے سے اپنی کشمیر پالیسی کا از سر نو جائزہ لے۔ ہندوستان سے ہر قسم کے تعلقات کو ختم کرے اور عالمی برادری پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے زور دیا جائے۔ کشمیر محض ایک خطہ نہیں بلکہ 80لاکھ مسلمانوں کے مستقبل کا سوال ہے۔