لاہور(عکس آن لائن)عالمی وبا کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس کا فیصلہ نہ ہو سکا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اپریل میں کرکٹ کمیٹی کے اجلاس کا اعلان کیا ہوا ہے۔
کورونا وائرس کے باعث پی سی بی دفاتر بند اور سرگرمیاں معطل ہیں، پی سی بی نے ویڈیو لنک پر بھی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا تاحال فیصلہ نہیں کیا۔ اجلاس میں کرکٹ کمیٹی کو ڈیپارٹمنٹل کرکٹ سمیت کئی اہم امور پر سفارشات پیش کرنا ہیں۔دوسری جانب پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں بھی تاخیر کا امکان ہے، پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس ہر تین ماہ بعد ہوتا ہے،
گورننگ بورڈ کا آخری اجلاس فروری میں پشاور میں ہوا تھا۔ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرکٹ کمیٹی اور گورننگ بورڈ اجلاسوں کا تاحال فیصلہ نہیں ہوا، شیڈول طے ہونے پر جلد میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔