گجرات (نمائندہ عکس) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لگتا ہے کہ پنڈی اور لندن کے درمیان فاصلے بڑھ رہے ہیں، پنڈی اور لندن ایک پیج پر دکھائی نہیں دے رہے،ن لیگ کیوں ملک کو بحران کی طرف دھکیل رہی ہے،ملکی معاشی بحران کے ذمہ دار کون ہیں،ہمارا لانگ مارچ اپنے موقف کی جیت تک جاری رہے گا ۔
سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے گجرات میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی ذاتی ایجنڈے پر توجہ ہے، نواز شریف کو پانچ مرتبہ اہم تعیناتی کا موقع ملا لیکن انہوں نے سینئر موسٹ کو نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں ایسی صورت حال پیدا کر دی ہے کہ اس غیر یقینی میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی اپنا دورہ پاکستان ملتوی کر دیا ہے جو ملک کا نقصان ہے، جو سرمایہ کاری آنی تھی اور معیشت کو فائدہ ہونا تھا وہ اب کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ مسلم لیگ ن کیوں ملک کو بحران کی طرف دھکیل رہی ہے، ہم نے ایک اہم تعیناتی ہونی ہے اور فیصلہ پاکستان کی بجائے لندن میں ہو رہا ہے، ان لوگوں سے مشاورت ہو رہی ہے جن کا کوئی آئینی رول نہیں بنتا دیکھنا ہو گا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملکی معاشی بحران کے ذمہ دار کون ہیں، بزنس کمیونٹی کی اکثریت کہہ رہی ہے کہ ملکی معیشت کی سمت درست نہیں ہے ان چھ ماہ میں مہنگائی بیروزگاری میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے ان تمام مسائل اور سیاسی عدم استحکام کا حل پیش کیا ہے کہ فوری انتخابات کرائے جائیں لیکن اس پر توجہ نہیں دی جا رہی۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ ہمارا لانگ مارچ اپنے موقف کی جیت تک جاری رہے گا، آج کھاریاں کے بعد کل سے ہمارا لانگ مارچ منڈی بہاوالدین سے شروع ہو گا۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ آج پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی فائنل میچ میں پاکستان کی جیت کے لیے پوری قوم دعا گو ہے۔