اسلام آباد(عکس آن لائن ) پاکستان میں کرونا ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کے لیے ایک اور چینی کمپنی نے خواہش کا اظہار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کے مطابق ایک اور چینی کمپنی نے بیجنگ میں پاکستانی مشن سے رابطہ کر کے پاکستان میں کرونا ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔
چینی کمپنی نے پاکستانی مشن سے اس سلسلے میں تعاون کی درخواست کی ہے۔ پاکستانی مشن کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ زافائی لانگ کام چینی صوبے اینوئی کی مقامی دوا ساز کمپنی ہے، جس نے چائینز سائنس اکیڈمی کے تعاون سے کرونا ویکسین تیار کی ہے، اب یہ کمپنی پاکستان میں ممکنہ ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کی خواہش مند ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز مقامی فارما کمپنی کے تعاون سے ہوں گے، ٹرائلز کے لیے یہ کمپنی ویکسین اور ٹیسٹ کٹس پاکستان منتقل کرنا چاہتی ہے، چین سے آلات کی پاکستان منتقلی میں سفارت خانہ تعاون کرے۔ مراسلے کے مطابق چینی کمپنی نے درخواست کی ہے کہ پاکستان میں کلینیکل ٹرائلز کے لیے آلات کی ترجیحی بنیاد پر کسٹم کلیئرنس کی جائے۔ جس پر وزارت خارجہ نے متعلقہ حکام سے مقف مانگ لیا ہے۔
ادھر پاکستانی فارما کمپنی نے بھی چینی کمپنی کے ساتھ مجوزہ کلینیکل ٹرائلز کی تصدیق کر دی ہے، فارما کمپنی کے نمائندے ڈاکٹر احمد عاطف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ویکسین کلینیکل ٹرائلز کے انعقاد کے لیے تیاریاں جاری ہیں، ٹرائلز کا آغاز حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔ ڈاکٹر احمد عاطف نے بتایا کہ کلینیکل ٹرائلز کے لیے جلد ڈریپ کو باضابطہ درخواست دی جائے گی، ڈریپ سے ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کی اجازت جلد ملنے کی امید ہے۔