پترا جایا(عکس آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائشیا سے واضح ہو گیاہے کہ پاکستان مسلم امہ کو تقسیم نہیں بلکہ متحد کرنا چاہتا ہے اور اس حوالے سے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ۔
منگل کے روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ ملائشیا کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ سے ملائیشیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو سٹریٹجک تعلقات میں بدلنے میں مدد ملے گی جبکہ ملائشیا کے ساتھ تجارت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات ہوئی ہے اور ملائشیا کے ساتھ 3 معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں ملائشیا میں 82 ہزار پاکستانی افرادی قوت مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہے اور ایک معاہدہ ملائشیا میں پاکستانی افرادی قوت کے حقوق کے تحفظ کیلے بھی کیاگیا ہے ، معاہدے کے تحت اگر کوئی پاکستانی ورکر ملائیشیا میں جاں بحق ہو گیا تو اس کے خاندان کو پنشن ملے گی ۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ رواں سال ملائشیا سے آنے والی ترسیلات زر میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے اور ملائشیا میں مقیم پاکستانیوں نے 1 ارب 55 کروڑ ڈالر وطن بھجوائے ہیں۔