اسلام آباد (عکس آن لائن)معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت ریاست مدینہ کے نمونے پر عمل پیرا ہے، پاکستان، ترکی اور ملائیشیاءمشترکہ ٹی وی چینل قائم کریں گے، ٹی وی چینل کے قیام کا مقصد دنیا کو حقیقی اسلام کے چہرے سے روشناس کرانا ہے۔
جمعرات کو آل پاکستان نعت خوانی مقابلہ میں ریڈیو پاکستان میں محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا، محفل میلاد میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے انعامات تقسیم کئے، نعت خوانی میں جیتنے والے طلباءمیں پہلے نمبر پر آنے والے طلبہ و طالبات کو سونے کے تمغے اور 50ہزار روپے نقد انعام دیا گیاجبکہ دوسرے نمبر پر آنے والں کو چاندی کا تمغہ اور 30ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔محفل میلاد ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایسی محفلیں ایک دوسرے کو قریب لانے کا موثر ذریعہ ہیں، وزیراعظم عمران خان کی حکومت ریاست مدینہ کے نمونے پر عمل پیرا ہے، رسول پاک کی ذات مبارک اسلام کے آفاقی پیغام کا عملی نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول پاک سے والہانہ محبت اور عقیدت ہمارے ایمان کا جزو ہے، اسلام کا ایک بہترین نظام زندگی ہے جس کا مقصد انسانیت کی فلاح ہے، سیرت پاک پر عمل کر کے ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ممکن ہے، وزیراعظم عمران خان نے نئے پاکستان کےلئے ریاست مدینہ کا خواب دیکھا ہے۔
معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ اللہ اور اس کے محبوب کی اطاعت کا مقصد انسانیت سے محبت ہے، رسول پاک نے جہالت، نفرت اور عصبیت کو ختم کیا، مفل میلاد کے انعقاد پر ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کی کوششوں کو سراہتی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ دونوں اداروں نے ہمیشہ ریاست کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کا فریضہ سر انجام دیا ، پاکستان، ترکی اور ملائیشیاءمشترکہ ٹی وی چینل قائم کریں گے، ٹی وی چینل کے قیام کا مقصد دنیا کو حقیقی اسلام کے چہرے سے روشناس کرانا ہے۔