ہمایوں اختر

وزیر اعظم کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لینے کے دلیرانہ فیصلے پر سیاسی مخالفین پریشان ہیں’ ہمایوں اختر

اسلام آباد(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے لئے منفی حربے استعمال کرنے سے اپوزیشن بے نقاب ہو گئی ہے اور وزیراعظم عمران خان کے موقف کو تقویت ملی ہے ،اسلام آباد کی نشست پر پی ٹی آئی کی خاتون امیدوار کو 174ووٹ ملے جبکہ 5ووٹ ضائع بھی ہوئے جس سے ثابت ہو گیا کہ حکومت کے پاس ایوان میں واضح اکثریت ہے ،وزیر اعظم عمران خان نے اعتماد کا ووٹ لینے کا اعلان کر کے دلیرانہ فیصلہ کیا ہے اور سیاسی مخالفین اس فیصلے سے پریشان ہیں ۔ اپنے دفتر میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عوام اب با شعور ہو چکے ہیں اور انہوں نے سینیٹ انتخابات کا بڑے غور سے مشاہدہ کیا ہے ،

عوام کو معلوم ہو گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) او رپیپلز پارٹی نے اقتدار میں رہتے ہوئے کس طرح کا نظام پروان چڑھایا اور اب اقتدار اور اپنی اناء کی تسکین کیلئے یہ کس سطح پر جا سکتے ہیں ، جمہوریت کے نام نہاد علمبرداروں نے سینیٹ انتخابات میں جمہوری اقدار کا جنازہ نکال دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پنجاب کی طرح خیبر پختوانخواہ میں بھی ووٹوں کے تناسب سے امیدوار میدان میں لانے کی پیشکش کی لیکن پی ڈی ایم نے تعداد سے زیادہ امیدوار میدان میں اتارے اور انہیں شکست ہوئی ، خیبر پختوانخواہ میں بلوچستان عوامی پارٹی او رپی ٹی آئی نے مل کر ایک نشست نکالی ہے او رہم نے حفیظ شیخ والی نشست کا نقصان پورا کر لیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں