اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے ‘احساس سیلانی لنگر’ سکیم کا افتتاح کر دیا، پروگرام کے تحت نادار اور ضرورت مند افراد کو مفت کھانے کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے،لنگر سکیم حکومت کی جانب سے جاری کردہ سماجی و فلاحی بہبود کے جامع پروگرام احساس کا اہم جزو ہے، اسلام آباد سے شروع کی جانے والی اس سکیم کو ملک بھر میں پھیلایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نادار اور مستحق افراد کیلئے ایک اور احسن قدم اٹھاتے ہوئے اسلام آباد میں احساس لنگر پروگرام کا آغاز کردیا، پروگرام کے تحت مستحق اور غریب افراد کے لئے کھانے کا اہتمام کیا جائے گا۔اسلام آباد سے شروع کی جانے والی اس اسکیم کو ملک بھرمیں پھیلایا جائے گا ، لنگر اسکیم سماجی و فلاحی بہبود کے جامع پروگرام احساس کا اہم جزو ہے، افتتاحی تقریب میں وزیراعظم عمران خان شریک تھے ۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اس احساس پروگرام سے متعلق کہا کہ حساس لنگر ایک مکمل طور پر مختلف سکیم ہے جو وزیراعظم کی ہدایت پر مستحق افراد کے لئے شروع کی جا رہی ہے ، یہ احساس لنگر اسکیم ضرورت مند افراد کو روزانہ کی بنیاد پر کھانا فراہم کرے گی۔خیال رہے احساس کے زیرانتظام حکومت پاکستان کی یہ پہلی سکیم ہے جو سرکاری اور نجی شراکت داری کے تحت شروع کی جا رہی ہے۔