واشنگٹن ( عکس آن لائن) ٹرمپ حکومت کی سابق عہدیدار اسٹیفنی ووک آف نے دعوی کیا ہے کہ میلانیا شدت سے وائٹ ہائوس چھوڑنے کی منتظر ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کے وائٹ ہائوس چھوڑنے کے ساتھ ہی میلانیا طلاق لے لیں گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سابق حکومتی عہدیدار اسٹیفنی ووک آف کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو الیکشن ہارنے کے ساتھ ہی اپنی بیوی کھونے کا بھی صدمہ برداشت کرنا پڑے گا کیونکہ میلانیا ٹرمپ اپنے شوہر سے جلد طلاق لینے جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی ٹرمپ امریکی صدارت چھوڑ کر وائٹ ہائوس سے رخصت ہوجائیں گے تو اسی وقت میلانیا بھی ٹرمپ سے علیحدگی اختیار کرلیں گی۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ میلانیا وائٹ ہائوس سے رخصت ہونے کا شدت سے انتظار کر رہی ہیں، اس سے قبل بھی 2016 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے غیرمتوقع طور پر الیکشن جیتنے پر میلانیا پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی تھیں کیونکہ میلانیا کو یقین ہی نہیں تھا کہ ان کے شوہر ٹرمپ انتخابات میں فتحیاب ہوں گے۔اسٹیفنی نے بتایا کہ انتخابات میں کامیابی کے 5 ماہ بعد تک میلانیا وائٹ ہائوس شفٹ نہیں ہوئی تھیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا کے وائٹ ہائوس میں بھی الگ الگ بیڈ رومز ہیں کیونکہ ان کی شادی ایک سمجھوتے کے تحت چل رہی ہے اور اسی سمجھوتے کے تحت وہ الگ رہتے ہیں، لیکن دن میں اکٹھے ہوتے ہیں۔