نیب کا شاہد خاقان کیخلاف

نیب کا شاہد خاقان کیخلاف ایل این جی کیس کا ضمنی ریفرنس دائرکرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (عکس آن لائن) نیب نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی کیس میں ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ مقدمے میں مفرور سابق ایم ڈی پی ایس او شاہد السلام کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی گئی۔

جمعرات کو احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ایل این جی ٹھیکہ ریفرنس پر سماعت کی۔ شاہد خاقان عباسی، اوگرا افسران سعید احمد خان، عظمی عادل سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے استفسار کیا کہ نیب بتائے حتمی ریفرنس کب دائر کرے گا ؟ نیب حکام نے بتایا کہ ایل این جی ریفرنس کے حوالے سے ریکارڈ کراچی سے آنا ہے وہ نہیں لایا جا سکا جبکہ مقدمے میں نئے شواہد ملے ہیں جس کے بعد ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ مفرور ملزم شاہد السلام کیوں پیش نہیں ہوا ؟ نیب نے بتایا کہ ملزم بیرون ملک روپوش ہے۔ عدالت نے ملزم کو اشتہاری قرار دینے کی نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومت ہی جعلی ہے، حکومت چل نہیں رہی، نیب سے سب سے زیادہ تنگ آج خود حکومت ہے، اب حکومتی چہرے بھی جلد یہاں نظر آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں