ایلون مسک

میڈیا ہاوسز اب ٹوئٹر صارفین سے فی آرٹیکل پیسے لے سکیں گے، ایلون مسک

لاس اینجلس (عکس آن لائن) ٹوئٹر سربراہ ایلون مسک نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ میڈیا پبلشر اب ٹوئٹر صارفین سے فی آرٹیکل ایک کلک کے ذریعے پیسے وصول کرسکیں گے۔ انہوں نے اسے میڈیا کے اداروں اور عوام دونوں کے لیے بہتر قرار دیا۔ ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں صارفین کیلئے نئے فیچر کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پبلشرز اب ٹوئٹر صارفین سے فی آرٹیکل رقم وصول کرسکیں گے، یہ فیچر مئی میں متعارف کرایا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ماہانہ سبسکرپشن نہ لینے والے ٹوئٹر صارفین کو کبھی کبھار مضمون پڑھنے کیلئے فی آرٹیکل زیادہ قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ اس سے قبل جمعہ کو ایلون مسک نے کہا تھا کہ ٹوئٹر پہلے سال کے بعد مواد کی سبسکرپشن پر 10 فیصد حصہ لے گا، کمپنی پہلے 12 ماہ تک کٹوتی نہیں کرے گی، ان سبسکرپشنز میں لمبی تحریریں اور گھنٹوں طویل ویڈیوز شامل ہیں۔

اکتوبر میں کنٹرول سنبھالنے کے بعد ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے ٹوئٹر میں بہت سی تبدیلیاں کی ہیں، کمپنی نے پیسوں کے بدلے ٹوئٹر کی تصدیق شدہ بلیو ٹک سروس متعارف کروائی اور ملازمین کی تعداد میں تقریبا 80 فیصد کمی کی ہے۔ ایک جانب ایلون مسک آمدنی بڑھانے کیلئے ٹوئٹر پر تبدیلیاں لارہے ہیں تاہم گزشتہ سال سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اشتہارات کی آمدنی میں کمی دیکھنے میں آئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں