راولپنڈی(عکس آن لائن )مکئی کی فصل کی معیاری سٹوریج کے لیے احتیاطی تدابیر ضروری ہیں، مکئی کی شیلف لائف کا انحصارذخیرہ شدہ دانوں وگوداموں کے درجہ حرارات، نمی کے تناسب، مختلف اقسام کے ضرررساں کیڑوں، پھپھوندسے لگنے والی بیماریوں اور سٹوریج کے دورانیے پر ہوتا ہے۔یہ بات محکمہ زراعت کے ترجمان نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کہی۔
انھوں نے کہا کہ مکئی کی پیداوار کوسٹور کرنے کے لئے چھلیوں سے دانے شیلر کے ذریعے الگ کئے جائیں، دانوں کو نمی 12% سے کم ہونے تک خشک کیاجائے اور صاف ستھری خشک بوریوں میں بھر کر سٹو ر میں رکھا جائے،سٹور کرتے وقت مکئی کے دانوں میں موجود نمی 10 فیصد سے زائد نہیں ہونی چاہئے، گودام صاف ستھرے، روشن، ہوادار اور نمی سے پاک ہوں، اگر ممکن ہو تو ان میں ایگزاسٹ فین لگوائے جائیں۔
اگر گوداموں میں دھواں کرنا مقصود ہو تو ان میں عارضی انگیٹھی بنا کر لکڑی کا کوئلہ 7 کلو گرام فی ہزار مکعب فٹ حجم کے حساب سے خالی گودام میں جلائیں اورجب درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ ہو جائے تو گودام کو 48 گھنٹے تک بند کردیاجائے اوردیواریں ٹھنڈی ہونے پر ان کی سفیدی کی جائے۔ہوا بند گوداموں میں پرمیتھرین یا ڈیلٹامیتھرین زہریں بحساب 200 ملی لٹر 120 لٹر پانی میں ملا کرسپرے کرکے ان کو24گھنٹوں کے لیے ہوا بند کر دیا جائے۔اسی طرح گوداموں میں ایلومینیم فاسفائیڈ 25 تا30 گولیاں بحساب فی ہزار معکب فٹ حجم رکھی جائیں۔