اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) پی ڈی ایم اور جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی مدت بڑھانےکےآئینی اورقانونی پہلوں کاجائزہ لیں گے، ایکسٹینشن دینے والی پارلیمنٹ کو ایکسٹینشن کیوں نہیں مل سکتی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قبل ازوقت الیکشن کی سختی سےمخالفت اور عمران خان کے الیکشن کے مطالبات کو رد کردیا۔ سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت سیلاب کی بدترین تباہ کاریوں کا شکارہے، سیلاب سے ایسی تباہی پہلے کبھی نہیں ہوئی، ان حالات میں انتخابات کیسے ہوسکتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پارلیمنٹ کی مدت بڑھانے کے آپشن پربھی غورہوسکتاہے، پارلیمنٹ کی مدت بڑھانےکےآئینی اورقانونی پہلوں کاجائزہ لیں گے، ایکسٹینشن دینےوالی پارلیمنٹ کوایکسٹینشن کیوں نہیں مل سکتی۔ سربراہ پی ڈی ایم کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا کوئی مستقبل نہیں، وہ سیاست سے دور ہوتے جارہے ہیں، ان کی اپنی باتیں ہی ان کے لئے کافی ہیں۔