شاہ محمود قریشی

ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مشکل فیصلے کرنا پڑے، شاہ محمود قریشی

کوالا لمپور(عکس آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مشکل فیصلے کرنا پڑے، اب ہم معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہے ہیں،معیشت کو پرکھنے کے لئے قائم تمام اشاریے بہتری کی نوید سنا رہے ہیں، تین سال میں پہلی مرتبہ سرمایہ کاری کا حجم 340 ملین ڈالر تک جا پہنچا۔ملائیشیا کے سرکاری دورے کے دوران کوالالپمور میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی نژاد سلطانہ کلثوم آف پاہنگ کے ظہرانے میں شرکت کی۔ سلطانہ کلثوم آف پاہنگ نے استقبالیہ خطاب میں معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین تعاون کافروغ عمران خان اورمہاتیر محمد کی ہم آہنگی کا نتیجہ ہے۔اس موقع پر وزیر خارجہ نے بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو جس وقت حکومت ملی ہماری معاشی حالت دگرگوں تھی،ایک طرف معاشی خسارہ بڑھتاجارہا تھا اور دوسری طرف ہم قرضوں کے بوجھ سے نڈھال تھے، اس ساری صورتحال کے پیش نظرہمیں معاشی بحران سے نکلنے کے لئے مشکل فیصلے کرنا پڑے، آج الحمدللہ ہم معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ معیشت کو پرکھنے کے لئے قائم تمام اشاریے بہتری کی نوید سنا رہے ہیں، تین سال میں پہلی مرتبہ سرمایہ کاری کا حجم 340 ملین ڈالر تک جا پہنچا ،اسٹاک مارکیٹ میں 21 فیصد تک بہتری کا رحجان دیکھنے میں آیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں