لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ، مرغی کے گوشت کی قیمتیں مقرر کرنے کے طریقہ کار پر حکومتی کمیٹی بنانے پر توہین عدالت کی درخواست نمٹا د ی گئی

لاہور (عکس آن لائن):لاہور ہائیکورٹ نے مرغی کے گوشت کی قیمتیں مقرر کرنے کے طریقہ کار پر حکومتی کمیٹی بنانے اور قیمتیں کنڑول کرنے کے جواب پر توہین عدالت کی دائر درخواست نمٹا دی۔جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔

سوموار کو عدالتی سماعت پر متعلقہ حکام نے پیش ہوکر عدالت کو آگاہ کیا کہ مرغی گوشت کی قیمتوں کے تعین کے لئے طریقہ کار وضع کر دیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، اس اقدام سے چکن اور انڈوں کی قیمتوں میں پچیس روپے تک کمی آجائے گی، دوران سماعت برائیلرز ایسوسی ایشن کے وکیل نے نقطہ اعترض اٹھایا کہ جن افسران کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہےانہی کی وجہ سے قیمتیں کنڑول نہیں ہو رہیں۔ عدالت نے نقطہ اعترض مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آپ متاثرہ فریق نہیں ہیں ۔

عدالت نے حکومت پنجاب کے حکام کی طرف سے کمیٹی کے قیام اور قیمتوں میں استحکام پیدا کرنے کی یقین دہانی کے بعد درخواست نمٹا دی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ مرغی کے من مانے ریٹ مقرر کرکے ناجائز منافع کمایا جارہا ہے، مرغی کی قیمتیں مقرر کرنے کے میکنزم پرعمل درآمد نہیں ہو رہا جوواضح طور پر توہین عدالت ہے، عدالت پیش کئے گئے ،طریقہ کار پرعمل نہ ہونے سے مرغی کی قیمتیں مصنوعی طور پربڑھائی گئیں ،مرغی کی قیمتیں تمام فریقین کی مشاورت سے ہی مقرر کی جاسکتی ہیں۔ عدالتی حکم پرعمل درآمد نہ کرنے پر سیکرٹری انڈسٹری کیخلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں