فلسطین

فلسطین میں قانون ساز کونسل کے انتخابات کو سبوتاژ نہ کیا جائے،روس

ماسکو(عکس آن لائن) روسی وزارت خارجہ نے فلسطین میں آئندہ ماہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات کو شفاف بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام فریقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے تمام اقدامات سے گریز کریں جو فلسطینی قانون ساز کونسل کے انتخابات کے کامیاب انعقاد کو متاثر کرسکیں یا فلسطینی اور اسرائیلی فریقین کے مذاکرات کی میز پر واپس آنے کے امکان کو موخر کریں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی 22 مئی کو ہونے والے قانون ساز کونسل کے انتخابات کا انعقاد کریں گے۔

روس فلسطین میں انتخابات کو شفاف اور کامیاب بنانے کے لیے ہرممکن مدد کے لیے تیار ہے۔ فلسطینی صدر محمود عباس کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق فلسطینی سیاسی قوتوں کے قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات کے بعد فلسطین میںپارلیمانی انتخابات کی راہ ہموار ہوئی ہے۔روسی وزارت خارجہ کا خیال ہے کہ فلسطینیوں میں پائے جانے والے اختلافت کو ختم کیا جائے۔ تمام حل طلب مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے اور فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان براہ راست بات چیت کی راہ ہموار کی جائے۔بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی نیشنل اتھارٹی کے علاقوں میں معاشرتی اور معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فلسطین اور فلسطین کے اتحاد کو بحال کرنا بہت اہمیت کا حامل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں